پشاور (اے پی پی) ضلعی پولیس سربراہ چارسدہ محمد وقاص خان کی ہدایت پر ڈی ایس پی سیکیورٹی ولایت خان نے جوڈیشل کمپلیکس چارسدہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور اطراف میں سیکیورٹی انتظامات، داخلی و خارجی راستوں، واک تھرو گیٹس اور ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی ایس پی سیکیورٹی ولایت خان نے ڈیوٹی پر موجود پولیس جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں سکیورٹی کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس ایک حساس مقام ہے، اس لئے یہاں سکیورٹی کے تمام اقدامات کو مزید مثر بنایا جائے۔ انہوں نے جوانوں کو ہدایت کی کہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور ڈیوٹی انتہائی ذمہ داری اور مستعدی کے ساتھ انجام دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام اور سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر وقت الرٹ رہیں۔اس موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مزید بہتری کیلئے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔