• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمکنی 6سالہ بچہ نہر میں ڈوب کر جاں بحق، مزاحمت پر ٹیلر ماسٹربھتیجے سمیت زخمی

پشاور(کرائم رپورٹر) تھانہ چمکنی کی حدودمیں6سالہ بچہ نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا ،تھانہ مچنی گیٹ کی حدود لواڑ پل کے قریب مسلح رہزنوں نے ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے ٹیلر ماسٹر اور اس کے بھتیجے کو لہولہان کر دیا اور ان کی نئی موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔ سی سی پی او پشاور نے قائم مقام ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز خیبر کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔واقعات کے مطابق بچہ ڈوبنے کا افسوسناک واقعہ خلیج آبا نمبر 2چمکنی میں پیش آیا جہاں ریسکیو 1122 کوبچے کے نہر میں ڈوبنے کی اطلاع ملی جس پر ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کیا، کافی تگ و دو کے بعد غوطہ خور ٹیم نے بچے کی جسد خاکی کو تلاش کر کے پانی سے نکال لیا ۔جس کی شناخت الحاج ولد مثال خان کے نام سے ہوئی ہے، کمسن بچے کی اچانک موت پر علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔ادھر ہسپتال میں زخمی اسماعیل ولد خیر محمد سکنہ شاہی پایان نے مقدمہ درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اسکی بابو گڑھی سٹاپ ورسک روڈ پر درزی کی دکان ہے، گزشتہ شب تقریباً 3 بجے وہ اپنے 16 سالہ بھتیجے عمیر ولد تاج محمد کے ہمراہ دکان بند کر کے سحری کی غرض سے گھر جا رہا تھا کہ لواڑ پل کے قریب اندھیرے میں کھڑے مسلح افراد میں سے ایک شخص نے ٹارچ کی مدد سے انہیں رکنے کا اشارہ کیا۔ جب وہ رکے تو ملزمان نے موٹر سائیکل سے اترنے کا کہا، مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر وہ اور اس کا بھتیجا دونوں شدید زخمی ہو گئے۔ ملزمان انکی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر پٹوار بالا کی جانب فرار ہو گئے، مقامی افراد نے طبی امداد کےلئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ادھر سی سی پی او پشاور کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق گریڈ 16 کے پولیس افسر محمد عابد آفریدی کو قائم مقام ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز خیبرکے عہدے سے ہٹا کر فوری طور پرپولیس لائنزرپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، نوٹیفکیشن کے احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
پشاور سے مزید