ریاست مدینہ کا مستری معافی اور منہ چھپاتا پھر رہا ہے، صادق عمرانی

October 05, 2022

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کےر کن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کا مستری اپنے مزدوروں کے ساتھ معافیاں مانگتا اور کبھی منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔ وہ یہ سمجھتا ہے کہ اس عمل کے لئے اقتدار لازم ملزوم ہے ، اسی لئے اس کی ہر بات اقتدار سے شروع ہوکر اقتدار پر ختم ہوتی ہے ۔وہ جتنا آگے بڑھنے کی کوشش کرتا ہے، بدزبانی اسے دوقدم پیچھے دھکیل دیتی ہے، ٹینکوں کے نیچے لیٹنے کے دعویدار ٹینکوں کی گڑگڑاہٹ سے ہی گھبرا گئے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی قومی قیادت قربانی مانگتی ہے، جنہوں نے پھانسی کے پھندے کو قومی مفادات کے تحفظ کے لئے چوما ہو۔ قیدوبند کی کڑی صعوبتیں اور ضیائی مارشل لاء کے کوڑے ہنس سے سہے ہوں اور اقتدار کو عوامی خدمت کے لئے کبھی لازمی جزو نہ ٹھہرایا ہو۔ وہی قوم کے سیاسی ورثے کے اصل حقدار ٹھہرائے جاتے ہیں ناکہ اقتدار کے نشے میں وہ لوگ جنہوں نے کرسی کے ملتے ہی نہ صرف اپنوں کو نااہل کروایا ہو اور عوام کے معاشی و سیاسی قتل عام کو اپنے آقائوں کی خوشنودی کی خاطر بطور ہتھیار استعمال کیا ہو۔ بات یہاں ختم ہوجاتی تو اس طرز سیاست کو قوم کسی نہ کسی طرح خود پر جبر کرتے ہوئے بھلا دیتی مگر یہاں گنگاکو الٹا بہنے پر مجبور کیا گیا۔اداروں میں تصادم اور انہیں عوام کی نظروں میں بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔اپنی ہی زبان سے کہے الفاظ سے مکر جانا اور یکدم یوٹرن لینے کو روز کا معمول بنایا گیا۔ معاشی بدحالی مہنگائی بے روزگاری اور لاقانونیت کو اس قدر بڑھوتی دی گئی کہ عوام سلطنت عمرانیہ کے خلاف کسی بھی ممکنہ تحریک کا حصہ بننے کے قابل ہی نہ رہیں۔سب دروازے خود پر بند کرلینے والے نے خود پرستی کے عالم میں اپنے لئے ایک بھی کھڑکی کھلی نہیں چھوڑی۔