8 ماہ کے دوران 91 لاکھ غیرملکی سیاحوں کی دبئی آمد

October 05, 2022

دبئی دنیا بھر میں سیاحوں کے پسندیدہ ترین مقامات میں شامل ہوگیا ہے، جس اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ رواں سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران 91 لاکھ سیاحوں نے دبئی کا رخ کیا۔

اس حوالے سے دبئی کے محکمہ معیشت و سیاحت کا کہنا ہے کہ 2021 کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران 32 لاکھ سیاح آئے تھے۔ اس سال یہ تعداد 184 فیصد سے زیادہ رہی۔

مقامی میڈیا کے مطابق اگست کے دوران 10 لاکھ سیاح دبئی آئے۔ جنوری اور اگست کے دوران جتنے سیاح آئے ان کی تعداد کورونا وبا سے قبل اس مدت کے دوران دبئی آنے والے سیاحوں کے برابر ہے۔

دبئی محکمہ معیشت و سیاحت کے مطابق اس سال سب سے زیادہ بھارت سے سیاحوں نے دبئی کا رخ کیا۔ ان کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

سلطنت عمان سے 9 لاکھ 83 ہزار، سعودی عرب سے 8 لاکھ 23 ہزار اور برطانیہ سے6 لاکھ 47 ہزار سیاح دبئی پہنچے۔

جبکہ روس سے 3 لاکھ 95 ہزار، امریکہ سے 3 لاکھ 49 ہزار، پاکستان سے 2 لاکھ 53 ہزار، فرانس سے 2 لاکھ 53 ہزار، جرمنی سے 2 لاکھ 47 ہزار اور ایران سے دو لاکھ 13 ہزارسیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے۔