تاحیات نااہلی آئین کا حصہ نہیں بلکہ عدالتی تشریح ہے، جسٹس لودھی

October 06, 2022

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) پاکستان کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے منگل کے روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل وائوڈا کی تاحیات نااہلی کے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کیخلاف ایک آئینی درخواست کی سماعت کے دوران یہ آبزرویشن دی کہ آئین کے آرٹیکل 62(ون)(f) کے تحت تاحیات نااہلی ایک کالا اور ڈریکونین قانون ہے۔ اس آبزرویشن کے قانونی پہلوئوں پر ماہرانہ رائے لینے کیلئے جنگ نے جب لاہور ہائیکورٹ کے سابق جج مسٹر جسٹس (ر) عباد الرحمان لودھی سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ تاحیات نااہلی آئین کا حصہ نہیں بلکہ عدالتی تشریح ہے جج کو دوران سماعت اتفاقی اور ضمنی تبصروں سے گریز کرنا چاہئے کسی مقدمہ کی سماعت کے دوران فاضل جج کی طرف سے اس نوعیت کے تبصرہ کو (Obiter Dictum) کہا جاتا ہے اور آکسفورڈ ڈکشنری کی جانب سے اس قانونی اصطلاح کو اردو زبان میں اس طرح بیان کیا گیا ہے کہ ’’جج کی جانب سے ایسا اظہار رائے جو خواہ عدالت میں کیا جائے اور بے شک فیصلے کے ضمن میں کیا جائے لیکن فیصلے کا حصہ نہ ہو‘ تو وہ غیر موثر شمار ہو گا‘‘۔