پی ایم ایس میں طلباکے لئے سبق آموزڈرامہ فلمایا گیا

October 07, 2022

پشاور(نامہ نگارخصوصی)پشاور ماڈل سکول بوائز ٹو ورسک روڈ کے ایڈیٹوریم میں ایک سبق آموز ڈرامہ ’آرام و سکون ‘فلمایاگیا جو کلاس نہم کی اردوکی کتاب خیبر پختونخوا ٹیکسٹ بک بورڈ سے لیا گیا ہے جوکہ امتیاز علی تاج کی تحریر ہے۔ ڈرامے کا آغاز میاں کی ناساز طبیعت سے ہوتا ہے جو دفتر سے تھکے ہارے آکر بستر پر لیٹ جاتے ہیں ۔ ڈاکٹر ان کے معائنے کیلئے آتا ہے۔مختصر یہ کہ اس ڈرامے کا مرکزی خیال یہ ہے کہ عورت ہی گھر کو جنت یا جہنم بنا سکتی ہے اس ڈرامے میں بیوی کا کردار ادا کرنیوالی خاتون خانہ اپنی نالائقی اور نا سمجھی کی وجہ سے گھر کو جہنم بنا دیتی ہے ۔ شوہر جو آرام و سکون کی تلاش یں دفتر سے چھٹی لے کر گھر میں آرام کیلئے لیٹا ہوتا ہے ۔بیوی کی ناسمجھی کی وجہ سے گھر کو چھوڑ کر آرام و سکون کی تلاش میں پھر دفتر چلا جاتا ہے ۔ اس ڈرامے میں جماعت نہم کے طلباءنے مختلف کردار جن میں ، ڈاکٹر(سعداللہ خیال)، بیگم صاحبہ(عادل)، میاں(عثمان غنی)، ملازم(زیان احمد)، فقیر(محمد عبداللہ)، للو(عبدالرحمان)، ننھا(ارسلا خان) نے ادا کئے ۔ اس ڈرامے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں سکول کی پرنسپل میڈم فائزہ، ، وائس پرنسپل فرمان اللہ ،وائس پرنسپل میڈم لبنی عامر ، سمیع اللہ ، میڈم تنزیلہ،میڈم شازیہ ، سید عمادالدین گیلانی اور دیگر اساتذہ کرام نے اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر پشاور ماڈل سکول کے ڈائریکٹر اسد سیٹھی ، پرنسپل میڈم فائزہ ، وائس پرنسپل میڈم لبنی عامر ،اساتذہ کرام اور جماعت نہم کے طلباءکی کثیر تعداد ہال میں موجود تھی۔بعدازاں پشاور ماڈل سکول کے ڈائریکٹر اسد سیٹھی نے ڈرامے میں مختلف کردار ادا کرنے والے طلباءمیں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔