گھڑی کی چوری

November 13, 2022

محمد اسد اللہ

انجم کی دسویں سالگرہ پر اس کے ماموں اسےایک نہایت قیمتی اور خوبصورت گھڑی تحفہ میں دی جسے دیکھ کر وہ بہت خوش ہوا ۔ کبھی و ہ گھڑی کو کلائی پرباندھتا تو کبھی دوستوں کو دکھاتا۔ ہر آدھے گھنٹہ بعد اس میں الارم بج اٹھتا۔ آواز ایسی پیاری کہ بار بار سننے کو جی چاہے۔ نئے لوگ اسے سن کر چونک اٹھتے تو انجم کو بڑا مزہ آتا۔

ایک دن دوپہر میں انجم کو گھڑی کا خیال آیا۔ ادھر ادھر ڈھونڈا گھڑی نہ ملی تو وہ گھبرا گیا۔ اتنی قیمتی چیز اچانک گم ہوگئی۔ ماموں پوچھیں گے تو کیا جواب دوں گا۔ اسے یاد آیا کہ صبح پڑوس کے جمن میاں کی بیوی نصرت خالہ اور ان کے دو بچے اس کے گھر آئے تھے۔ وہ لوگ کبھی کبھار دادی جان کی خیریت پوچھنے چلے آتے تھے۔

جمن میاں رکشہ چلا کر کسی طرح گزر بسر کیا کرتے۔ آمدنی بہت کم تھی اور گھر میں چھوٹے بڑے آٹھ بچے جو ایک ایک چیز کو ترستے رہتے۔ جمن میاں بھلا ان سب کی خواہشات کیسے پوری کرتے؟ وہ ان کی تعلیم کا بھی مناسب انتظام نہیں کر پائے تھے۔ ڈھیر سارے لوگوں سے بھری زندگی کی گاڑی کو بھی وہ اپنی ٹوٹی پھوٹی رکشہ کی طرح کسی طرح اونچائی پر چڑھائے چلے جارہے تھے۔

انجم کو یقین ہوگیا کہ ان ہی بچوں نے گھڑی پر ہاتھ صاف کیا ہے۔ اس نے ارادہ کیا کہ فوراً نصرت خالہ سے جاکر بات کرے پھر خیال آیا، اس طرح وہ لوگ گھڑی کہیں چھپا دیں گے۔ یہ بات طے تھی کہ گھڑی چوری ہوئی تھی ورنہ آدھا گھنٹہ گزرنے کے بعد بھی اس کی آواز ضرور سنائی دیتی۔ اس نے جاسوسوں کی طرح سوچنا شروع کیا۔ اچانک یہ خیال آیا کہ چلو نصرت خالہ کے گھر کچھ دیر رک جائیں۔ آدھے گھنٹہ بعد جب گھڑی کا الارم سنائی دے گا تو وہ لوگ رنگے ہاتھوں پکڑے جائیں گے۔ ان کے گھر گھڑی ہوگی تو بچ نہیں سکتے۔

انجم پورے جوش کے ساتھ اس مہم پر روانہ ہونے ہی والا تھا کہ اس کی امی کی آواز دوسرے کمرے سے سنائی دی۔’ ’انجم، یہ دیکھو تمہاری گھڑی یہاں تکیہ کے نیچے رکھی ہے‘‘۔ انجم بری طرح چونکا۔ تکیہ اٹھا کر تو دیکھا ہی نہیں تھا۔ اس نے امی سے پوچھا،’’ امی ،ہر بار تو اس کا الارم سنائی دیتا ہے اس بار کیوں سنائی نہیں دیا؟‘‘۔ امی نے کہا،’ ’ارے اس کا کوئی بٹن دب گیاہوگا۔ کبھی ایسا ہوجاتا ہے۔ ابو اسے دوبارہ سیٹ کر دیں گے‘‘۔

انجم گھڑی مل جانے پر خوش تو ہوا ،مگر افسوس تھا کہ جمن میاں کی غریبی نے اسے ان کے بارے میں کیا کیا سوچنے پر مجبور کیا۔ کتنی بدگمانیاں کیں۔ اسے اپنے آپ پر شرم آنے لگی۔

بچو! یاد رکھیں ، کبھی کسی پر ان دیکھے الزام نہیں لگانا چاہیے،کسی کو کمتر نہیں سمجھنا چاہیے۔