گوگل پاکستان میں مقامی دفتر قائم کرے گا، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی

November 24, 2022

فائل فوٹو

گوگل نے پاکستان میں مقامی دفتر قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے لیے کمپنی کا وفد آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔

ان خیالات کا اظہاروفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے اسلام آباد میں ’اسمارٹ فون فار آل ‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جاری کردہ بیان کے مطابق گوگل نے بالآخر پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جس کے بعد کمپنی دفتر قائم کرنے کے لیے قانونی تقاضے پوری کر رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گوگل کو سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں دستاویز کلیئر ہونے کے بعد رجسٹر کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوگل کا ایک وفد رواں سال دسمبر کے دوسرے ہفتے میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔

بیانئے کے مطابق دیگر سوشل میڈیا لیٹ فارمز بھی پاکستان میں اپنا آپریشنز شروع کرنے جا رہے ہیں۔

اس سلسلے میں ٹک ٹاک نے بھی پاکستان میں دفتر کھولنے کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں ٹک ٹاک پاکستان میں اپنا دفتر کھولے گا۔

جبکہ فیس بک کے حکام سے بھی اس حوالے سے رابطے میں ہیں اور جلد ان کا وفد بھی پاکستان آئے گا۔

حکام کے مطابق آئی ٹی کمپنی گوگل نے پاکستان میں اپنے آپریشنز شروع کرنے کے لئے مئی میں درخواست دی تھی۔