کوشش ہوگی پاکستان اور فرانس کے تعلقات میں بہتری لائی جائے، عاصم افتخار

November 24, 2022

فرانس میں پاکستان کے نئے سفیر عاصم افتخار نے کہا ہے کہکوشش ہوگی کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری لائیں۔

پیرس میں پاکستانی سفارت خانہ میں پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ رہنماؤں اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئےعاصم افتخار نے شرکا کویقین دلایا کہ سفارت خانہ پاکستان فرانس آپ کے ساتھ ہر ممکن حد تک مکمل تعاون کرے گا۔

اس موقع پاکستان پیپلزپارٹی یورپ کے صدر ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ نے فرانس سے میت پاکستان بھجوانے میں مشکلات اور اخراجات پر نکتہ اٹھایا۔

ایک نوجوان نے سفیر پاکستان کی توجہ پاکستانی ڈرائیونگ لائسنس کی فرانس میں تبدیلی کے مسائل کی طرف دلاتے ہوئے کہا آپ اس سلسلے میں فرانس حکومت سے بات کریں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر سردار ظہور اقبال نے بھی اہم نکات کے ساتھ ساتھ پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارت کے فروغ پر زور دیا۔

کشمیری کیمونٹی کے نعیم چوہدری اور زاہداقبال ہاشمی کی طرف سے کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر اور وہاں بھارتی مظالم کے خلاف اٹھائی جانے والی آواز میں ہماری معاونت کریں۔

بعد ازاں سفیر پاکستان نے جنگ اور جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضروری سمجھا کہ یہاں مقیم پاکستانی کیمونٹی سے ملاقات ہو جائے۔