مولانا ظفر علی خان نے اپنی تحریر و تقریر سے مسلمانوں میں آزادی کی تڑپ پیدا کی، مقررین

November 27, 2022

لاہور(خصوصی نمائندہ)مولانا ظفر علی خان ہمہ جہت شخصیت تھے‘ قائداعظم ؒ آپ کی قابلیت اور خداداد صلاحیتوں کے بڑے معترف تھے۔مولانا ظفر علی خان نے اپنی تحریر و تقریر کے ذریعے مسلمانان برصغیر میں آزادی کی تڑپ پیدا کی۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے تحریک پاکستان کے رہنما‘ بابائے صحافت مولانا ظفر علی خان کی66ویں برسی کے سلسلہ میں خصوصی نشست کے دوران کیا۔ نشست کا اہتمام نظر یہ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ۔ نشست کی نظامت کے فرائض محمد سیف اللہ چوہدری نے انجام دیے۔ سینئر صحا فی مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ مولانا ظفر علی خان کسی بڑے جاگیردار یا زمیندار کے بیٹے نہیں تھے بلکہ انہوں نے ایک عام کاشتکار گھرانہ میں آنکھ کھولی اور اپنی محنت کے بل پر منفرد مقام بنایا۔ پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے کہا کہ تحریک پاکستان میں قائداعظمؒ کو آپ جیسے رہنماؤں کی رفاقت نصیب ہوئی ۔ سیکرٹری نظر یہ پاکستان ٹرسٹ ناہید عمران گل نے کہا مولانا ظفر علی خان مسلمانان برصغیر کے بہت بڑے محسن اور رہنما تھے ۔ سیف اللہ چوہدری نے کہا انیسویں صدی کی ساتویں دہائی میں اللہ تعالیٰ نے اس قوم میں مولانا ظفر علی خان، قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ جیسی عظیم شخصیات پیدا کیں ۔ نوازش بٹ نے مولانا ظفر علی خان کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا ، آخر میںقیصر سلطان نے مولانا ظفر علی خان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کروائی۔