وعدوں کی تکمیل کیلئے اقدامات کررہے ہیں، اپنا میئر لا ئینگے، پیپلزپارٹی رہنما

November 28, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی اور کراچی ڈویژن کے قائدین نے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو وہ نہ صرف آگے لے کر چلیں گے بلکہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں گے، پی پی کو عمران نے تنگ کیا لیکن پی پی نے اسکی حکومت کا صفایا کردیا، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو ملک کے لئے قربان ہوگئے، کراچی میں پی پی اپنا میئر لانے جا رہی ہے، ان خیالات کا انہوں نے ضلع کورنگی کے زیر اہتمام پیپلزپارٹی کے 55 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں جنرل ورکرز اجلاس و جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جلسہ سے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار احمد کھوڑو، جنرل سیکرٹری و معاون خصوصی وزیر اعلٰی سندھ وقار مہدی، وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی، وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ، ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر جاوید شیخ، انفارمیشن سیکرٹری جانی میمن و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا ،سینیٹر نثار کھوڑو نے کہا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے اور یہ پارٹی کبھی ختم نہیں ہوگی، عمران تم کہتے تھے سندھ کو فتح کرونگا ،سندھ تو کیا ہم نے ملیر میں ہی شکست دے دی، عمران خان محب وطن نہیں ہے، عمران خان امریکی سازش سے یوٹرن لیا، آج کا کورنگی کا عوامی سمندر دیکھ کر کہہ سکتا ہوں کہ نشتر پارک پی پی کے جلسے کے لئے چھوٹا پڑ جائے گا، وقار مہدی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا 30 نومبر کو اس سال نشتر پارک میں جلسہ کرے گی، ہم نے چیئرمین سے جلسے میں شرکت کی درخواست کی ہے، ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اب ملک کے غیور عوام بلاول بھٹو زرداری کو اب ملک کو وزیراعظم بنائینگے، سعید غنی نے کہا کہ اس سال یوم تاسیس پر مرکزی تقریب نہ کرنے کا فیصلہ ہوا اور چیئرمین نے تمام ڈسٹرکٹ کی سطح پر جلسہ کی ہدایات دی، اس بار بلدیاتی انتخابات میں کراچی میں پی پی اپنا میئر لانے جا رہی ہے، جلسہ کے اختتام پر پارٹی کی سالگرہ کے حوالے سے کیک کاٹا گیا اور ملک کی بقا و سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔