عسکری تعیناتیاں خوش آئند امر

November 29, 2022

تحریر: ہارون مرزا۔۔۔۔۔راچڈیل
عسکری عہدوں پر تعیناتیوں کو لے کر پاکستان میں ایک ہیجان کی کیفیت نے سیاسی عدم استحکام کو مزید ہوا دے رکھی تھی،لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو آرمی چیف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعینات کر دیا گیا دونوں عہدیداروں نے اپنی تعیناتی کے بعد صدر مملکت ڈاکر عارف علوی اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ اہم عسکری عہدوں پر تعیناتیوں کو لے کر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کیخلاف محاذ کھولے بیٹھی تھیں مگر صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے سمری پر دستخط کر کے ایک ہیجانی کیفیت کا خاتمہ یقینی بنایا ،باور کیا جا رہا ہے کہ نئی تعیناتیوں سے نہ طرف ہیجانی کیفیت ختم ہو ئی بلکہ ملک میں سیاسی استحکام اور ترقی کی جانب تیزی کے ساتھ سفر ہوگا ۔لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کا پاک فوج میں کیریئر شاندار خدمات پر محیط ہے، پی ایم اے سے تربیت مکمل کرنے کے بعد انہوں نے انفنٹری کی سندھ رجمنٹ میں شمولیت اختیار کی اور مختلف اہم عہدوں پر فرائض سرانجام دیتے ہوئے موجودہ مقام تک پہنچے جنرل راحیل شریف کے آخری دو سال کے دوران انہوں نے آرمی چیف کی کور ٹیم کا حصہ رہے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز فرائض سرانجام دیئے اور شمالی وزیرستان میں کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن کی نگرانی بھی کی جب کہ اکتوبر 2021میں کور کمانڈر راولپنڈی تعینات کیا گیا جہاں انہوں نے کشمیر اور سیاچن جیسے علاقوں کی نگرانی کی، وہ اپنے کیریئر میں تین بار یعنی بطور لیفٹیننٹ کرنل، بریگیڈیئر اور پھر بطور میجر جنرل ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں تعینات رہے انہوں نے بطور وائس چیف آف جنرل اسٹاف، ملٹری آپریشنز اور ملٹری انٹیلی جنس کی نگرانی بھی کی۔دوسری طرف لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر پاک فوج کے سینئر ترین تھری اسٹار آفیسر ہیں ،انہوں نے آفیسرز ٹریننگ اسکول سے تربیت مکمل کی لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کی فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا، 2014ء میں کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریا تعینات ہوئے اور 2017 میں ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس کے عہدے پر فائز رہے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو اکتوبر 2018 میں ڈی جی ملٹری آئی ایس آئی تعینات کیا گیا جس کے بعد جون 2019 میں کور کمانڈر گوجرانوالہ کے عہدے پر تعینات ہوئے۔ عاصم منیر اکتوبر 2021ء سے جی ایچ کیو میں کوارٹر ماسٹر جنرل فرائض سرانجام دے رہے ہیں جب کہ حافظ قرآن ہیں اور انہیں دوران تربیت اعزازی شمشیر سے بھی نوازا جاچکا ہے، جنرل عاصم منیرکی بطور آرمی چیف اور جنرل ساحرشمشادمرزاکی بطور چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف تین، تین سال کیلئے تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے ۔ سبکدو ش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کا کہنا ہے کہ ملک کا دفاع ناقابل تسخیرہے ہمارے بہادرسپاہی اسے مزید مضبوط بنانے میں دریغ نہیں کریں گے جنرل ندیم رضاکے اعزاز میں تقریب جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرزمیں منعقد کی گئی سابق چیئرمین اور سینئر افسرا ن بھی شریک محفل ہوئے جنرل ندیم رضا نے گارڈ آف آنر اور مارچ پاسٹ کا جائزہ لیا اس موقع پر تینوں افواج کے چاق و چوبند دستے نے جنرل ندیم رضا کوگارڈ آف آنرپیش کیا جنرل ندیم رضا 41سال کی شاندارخدمات کے بعد26نومبرکو ریٹائر ہوگئے ہیں ان کی جگہ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی چارج لے لیا۔ امریکی سفارتخانے کی طرف سے بھی عسکری قیادت کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر اور جنرل شمشاد مرزا کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔