22لاکھ کی چوریاں، جڑواں شہروں سے 9 گاڑیاں، 15 موٹر سائیکل بھی غائب

November 29, 2022

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 5گاڑیوں 9موٹرسائیکلوں ،موبائل فونز،نقدی اور دیگر اشیاء جبکہ اسلام آبادکے شہری چار گاڑیوں، چھ موٹرسائیکلوں ، لاکھوں روپے ، طلائی زیور، موبائل فونز اوردیگر قیمتی اشیاسے محروم ہو گئے ۔ سنگ جانی کے علاقے میں عمر الیاس سے موبائل اور نقدی، شالیمار کے علاقے میں عائشہ کے پرس سے 30ہزارروپے نامعلوم خاتون نے ، حنظلہ اور اسکے دوستوں سے موبائل اور نقدی، ترنول کے علاقے میں حکمان کے کمرے سے پندرہ لاکھ روپے ، گاڑی وزمین کے کاغذات، احمد سے موبائل ، آئی ایریا کے علاقے میں شہزاد سے موبائل ،تھانہ نون کے علاقے میں عتیق سے نولاکھ روپے چرا لیے گئے۔تھانہ صادق آبادکے علاقہ میں ٹیکسی ڈرائیور ساجد اشرف کودونامعلوم ملزمان نشہ آور جوس پلا کراس کی جیب سے ساڑھے چھ ہزارروپے نکال کرلے گئے۔تھانہ بنی کے علاقہ ڈھوک دلال میں بائیکیا رائڈر ایازکلیم سے دونامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر اس کاموٹرسائیکل ، 2موبائل ،10ہزارروپے، شناختی کارڈ وغیرہ اور اور سواری جہانگیر سے موبائل چھین کرفرارہوگئے۔تھانہ ویسٹریج کے علاقہ میں سیلزمین عامر خورشید خان گاڑی پر محمد زوہیب خان ڈرائیور اور حماس مشتاق کے ہمراہ دودھ کی سپلائی کیلئے کچہ سٹاپ لائن نمبر 6 پہنچے تو موٹر سائیکل پر سوار دو آدمیوں نے گن پوائنٹ پر انہیں روک لیااور ان سے ایک لاکھ 13ہزار روپے اور موبائل چھین کرفرارہوگئے۔ دیگر وارداتیں تھانہ رتہ امرال، صادق آباد، آراے بازار، ٹیکسلا ، نیوٹاؤن، مری،تھانہ سٹی ، کینٹ ، ویسٹریج ، روات،کورال ، کرپا ، تھانہ آبپارہ ، کراچی کمپنی ، شہزاد ٹاؤن ، آئی ایریاکی حدود میں ہوئیں۔