قمار بازوں سمیت 43 سماج دشمن پکڑے گئے

November 29, 2022

راولپنڈی، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) 43سماج دشمن پکڑے گئے ۔ راولپنڈی پولیس نے مختلف واقعات میں 5 ملزموں سے چار پستول اور ایک آہنی مکہ برآمدکر لیا۔ خاتون لیڈی منشیات فروش سمیت 4ملزموں کو گرفتار کرکے 3کلو سے زیادہ چرس اور شراب برآمد کرلی گئی۔ انچارجزبیگر سکواڈز نے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 49 کو گرفتار کر کے راولپنڈ ی شہر کے مختلف تھانوں میں بند کروادیا۔ دوہرے قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری سمیت 4اشتہاری مجرموں کو بھی دھر لیا گیا۔ وارث خان پولیس نےسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 2 ملز موں سے مسروقہ رقم 25 ہزار روپے، موٹر سائیکل، 2 چھینے گئے موبائل فونزاور اسلحہ برآمد کر لیا۔ ٹیکسلا پولیس نے سٹریٹ کرائم میں ملوث چرلو گینگ کے سرغنہ کو 2ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے مسروقہ رقم ایک لاکھ 42 ہزار روپے اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا۔ گوجرخان پولیس نے تاش پر جواء کھیلنے والے 6قمارباز دھر لئے ۔تھانہ گولڑہ پولیس نے مختلف مقامات پر ریڈ کرکےغیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث 19مرد وخو اتین کو گرفتار کر لیا۔تھانہ شہزاد ٹا ؤن پولیس نے 3 موٹر سائیکل چور گرفتار تین موٹر سائیکل برآمد کر لئے۔نیلور پولیس نے بھی مو ٹر سائیکل چوری کی واردات میں ملوث دو ملزمان سے مسروقہ موٹرسائیکل بر آمد کر لئے۔ آ بپارہ پولیس نے ایم این اے کی نمبر پلیٹ لگا کر گھومنے والے نوسرباز کو پکڑ کر گاڑی سمیت بند کردیا۔