عبوری ضمانت منسوخ، بینک منیجر اور آپریشنل منیجر ہائیکوٹ سے نکلتے ہی گرفتار

December 01, 2022

ملتان ( سٹاف رپورٹر) ہائیکورٹ ملتان بنچ کے ججز جسٹس شکیل احمد اور جسٹس محمد امجد رفیق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے تونسہ شریف برانچ کے کمرشل بینک کے منیجر اور آپریشنل منیجر کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ کر دی، ایف آئی اے حکام نے انہیں عدالت سے باہر نکلتے ہی گرفتار کرلیا، لاہور ہائیکورٹ ملتان کے دو ججز جسٹس ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس محمد رضا قریشی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے محکمہ ہیلتھ کے خلاف سپروائزری کمپنی ختم کرنے سے متعلق ڈاکٹروں کی درخواست پر سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے، ہائی کورٹ ملتان بنچ کے ججز جسٹس شکیل احمد اور جسٹس محمد امجد رفیق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے پولیس مقابلے میں ایلیٹ فورس کے کانسٹیبل عبدالحفیظ کے قتل کے الزام میں انسداد دہشت گردی کی عدالت سے عمر قید کی سزا پانے والے ملزم عزیز عرف بھٹو کو بری کردیا، ہائی کورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس محمد امجد رفیق نے خاتون وکیل صائمہ کنول کی اپنے پروفیشن میں دائر کردہ پہلی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے ملزم محمد علی کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کنفرم کردی، ہائی کورٹ ملتان بنچ کے ججز جسٹس شاہد جمیل اور جسٹس راحیل کامران پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کسٹمز اپیلیٹ ٹریبونل بنچ 1 کے فیصلے خلاف اپیل ایک اہم نکتہ کو نظر انداز کرنے پر ریمانڈ کردی اورہدایت کی کہ وہ اپنے فیصلے میں تمام قانونی نکات کو زیر بحث لائیں، ہائی کورٹ ملتان بینچ کے جج جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ساجدہ منظور لیڈی ہیلتھ وزیٹر کی رٹ درخواست نمٹاتے ہوۓ صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پیٹیشنر کی داد رسی کریں۔