روس کی قازقستان اور ازبکستان کیساتھ ’’گیس اتحاد‘‘ بنانے کی کوششیں

December 02, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) روس نے مغربی ممالک کے روس مخالف اقدامات کا مقابلہ کرنے کیلئے علاقائی ملکوں پر مشتمل گیس برآمد کرنے والے ملکوں کا اتحاد قائم کرنے کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قازقستان اور اُزبکستان کے ساتھ مل کر روس ’’گیس یونین‘‘ قائم کرنے پر غور کر رہا ہے تاکہ تینوں ممالک اپنی گیس کی برآمدات میں ہم آہنگی لا سکیں اور گیس کی برآمدات کو مزید منظم اور موثر بنا سکیں۔ اس منصوبے پر پہلی مرتبہ رواں ہفتے کے آغاز میں قازقستان کے صدر قاسم جمرات توکایوف نے اظہار خیال کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے اس منصوبے کی پیشکش کی ہے۔