غریب بچوں کی جان بچانا بڑا کار خیر ہے، صاحبزادہ محمد حلیم

December 02, 2022

پشاور(جنگ نیوز)فرنٹیئر فائونڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم نے کہا ہے کہ فرنٹیئر فائونڈیشن کے تین مراکز پشاور کوہاٹ اور سوات میں تھیلی سیمیا ہیموفیلیا اور خون کی دوسری بیماریوں کے شکار چار ہزار سے زائد غریب بچے زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ فرنٹیئر فائونڈیشن کے تینوں مراکز میں غریب بچوں کی جان بچانے کے لئے ان کا مفت علاج کیا جا رہا ہے انہیں ہر پندرہ روز بعد خون بھی چڑھایا جاتا ہے جبکہ تینوں مراکز میں زیر علاج غریب بچوں کے والدین کو مفت کھانا بھی دیا جارہا ہے۔ صاحبزادہ محمد حلیم نے اجلاس کے بعد میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر فخر الرزمان اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز فاروق خان مہمند کے ہمراہ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فرنٹیئر فائونڈیشن انیس سال سے غریب بچوں کا مفت علاج کر رہی ہے مفت علاج کی وجہ سے فرنٹیئر فائونڈیشن غریبوں کی امیدوں کامحور بن گئی ہے۔ غریب بچوں کی جان بچانا بہت بڑاکار خیر اور صدقہ جاریہ ہے مخیر حضرات کو غریب بچوں کی جان بچانے کے لئے فرنٹیئر فائونڈیشن کی بڑھ چڑھ کر مالی مدد کر کے غریب بچوں اور ان کے دکھی والدین کی دلی دعائیں حاصل کرنا چاہئیں۔