روس پاکستان کو ڈیزل اور پیٹرول کم قیمت میں دے گا، مصدق ملک

December 05, 2022

فائل فوٹو

وزیرِ مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس پاکستان کو رعایتی نرخوں پر خام تیل فراہم کرے گا، پیٹرول اور ڈیزل بھی کم قیمت پر دے گا۔

مصدق ملک نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ عوام کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ روس کا دورہ کامیاب رہا اور ہماری امیدوں سے زیادہ کامیاب رہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روس سے گیس پائپ لائن معاہدوں پر پیش رفت ہوئی ہے، روس پاکستان کو ڈیزل اور پیٹرول کم قیمت میں دے گا، روس کی سرکاری کمپنیوں کے پاس ایل این جی نہیں تھی، روس کے ساتھ دو گیس پائپ لائنز پر بات ہو رہی ہے، روس کے ساتھ خام تیل، پیٹرول اور ڈیزل سے متعلق معاہدے ہو گئے ہیں، 20 ہزار ٹن ماہانہ ایل پی جی منگوائی جا رہی ہے۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ روس ہمیں رعایت پر خام تیل فراہم کرے گا، روس پاکستان کو پیٹرول اور ڈیزل بھی ڈسکاؤنٹ پر دے گا، روس کے پاس ابھی ایل این جی موجود نہیں، روس میں نجی کمپنیوں سے ایل این جی کے لیے بات چیت شروع ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ روس کی حکومت ایل این جی کے نئے کارخانے بنا رہی ہے، روس کے نئے کارخانوں سے ایل این جی کے نئے معاہدے کریں گے، اگر آگے بڑھنا ہے تو ہمیں توانائی چاہیے، اضافی انرجی چاہیے۔

انہوں نے ناشتے اور کھانے کے اوقات میں گھروں میں گیس فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دسمبر میں گزشتہ برس کی نسبت زیادہ گیس دے رہے ہیں، ناشتے کے اوقات میں گھروں میں گیس آئے گی، گھریلو صارفین کے لیے کھانا پکانے کے اوقات میں گیس فراہم کی جائے گی، گیس کمپنیوں کوکہا ہے صبح 6 تا 9 گیس لازمی دیں، دوپہر 12 تا 2 ، شام 6 تا 9 گیس لازمی ملنی چاہیے۔

وزیرمملکت مصدق ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا حکم ہے ملک کو زراعت میں خود کفیل ہونا ہوگا، کارخانوں کی چمنیوں سے ہر وقت دھواں نکلنا چاہیے، اس سے روزگار ملتا ہے، وزیراعظم نے کہا ہے کہ چاہتا ہوں ہر نوجوان کو نوکری ملے، معیشت بڑھے گی تو نوکری ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت کو 7 فیصد تک آگے بڑھانا ہو گا، ہر سال ترقی کرنی ہے تو ہر سال توانائی کے ذرائع بڑھانے ہوں گے۔