ملکی معیشت کی بہتری و ترقی کیلئے بدعنوانی کا تدارک ناگزیر، نیب

December 06, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) بدعنوانی کے خلاف عالمی دن کی مناسبت سے نیب ملتان کے زیراہتمام جامعہ زکریا کے جناح آڈیٹوریم میں "ہمارا ایمان، کرپشن فری پاکستان" کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان فیاض احمد قریشی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ جنوبی پنجاب کی یونیورسٹیوں اور کالجز کے طلبہ و طالبات نے کرپشن کے خاتمے اور کرپشن فری پاکستان کے عنوان سےاردو اور انگریزی میں تقاریر کیں۔اس موقع پرزکریا یونیورسٹی کے جناح آڈیٹوریم کی گیلری میں بدعنوانی کے خاتمے سے متعلق مختلف پینٹنگز کی نمائش بھی کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر نیب ملتان نیاز حسن نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے قانون سازی کیساتھ ساتھ قوانین پرعملداری کو یقینی بنانا ہو گا نیب کا ادارہ بدعنوانی کے خاتمے میں امید کی کرن بن کے سامنے آیا ہے اور ملکی معیشت کی بہتری اور ترقی کے لئے بدعنوانی کا تدارک ناگزیر ہے کرپشن کے ناسور کے خاتمے میں حکومت کیساتھ ساتھ ساری قوم کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا ہونا ہوگا،انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے اور اس سے آگاہی کے سلسلے میں نیب کے زیر اہتمام تمام اضلاع میں طلبا کے مابین تقریری مقابلوں کے علاوہ مضامین نویسی اور آگاہی واکز کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔ تقریب میں ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژنز کے مختلف اضلاع کے کالجز اور یونیورسٹیوں سے آئے ہوئے طلباءکی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔بعد ازاں ڈائریکٹر نیب نے تقریری مقابلے میں کامیاب اور شریک طلباءمیں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔