ملتان (سٹاف رپورٹر) پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد ملتان سمیت مختلف علاقوں میں ٹریفک پولیس اور سیکرٹری ڈی آر ٹی اے کی جانب سے مسافر گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ شروع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر انتظامیہ کی ہدایت پر مختلف روٹس پر چلنے والی گاڑیوں کی چیکنگ اور پکڑ دھکڑ کی جا رہی ہےجب کہ بعض ایسی گاڑیاں بھی بند کی جا رہی ہیں جن کی حالت طویل فاصلےخصوصاً لاہور اور اسلام آباد تک سفر کے لیے موزوں نہیں بتائی جاتی،واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہےجب کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بھی مارچ کو روکنے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی اچانک پکڑ دھکڑ کے باعث مختلف شہروں اور بین الاضلاعی روٹس پر مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،متعدد مسافر اپنی منزلوں تک پہنچنے کے لیے متبادل ٹرانسپورٹ کی تلاش میں ہیں جب کہ بعض روٹس پر گاڑیوں کی کمی کے باعث انتظار کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے، ٹرانسپورٹرز اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سکیورٹی انتظامات ضرور کیے جائیں تاہم ایسی گاڑیوں کو بلاجواز بند نہ کیا جائے۔