ملتان (سٹاف رپورٹر) محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں سموگ اور فضائی آلودگی کے مضر اثرات بارے آگہی سیمینار، واک اور شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام شعبۂموسمیاتی تبدیلی اور روٹری کلب ملتان، پلانٹ فار لائف سوسائٹی اور لائنز کلب کے اشتراک سے کیا گیا، آگہی واک کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کی جس میں طلبہ، اساتذہ اور مختلف اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی، شرکا نے فضائی آلودگی میں کمی، انسانی صحت کے تحفظ اور ماحولیاتی ذمہ داری کے حوالے سے آگہی پیغامات پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جب کہ بعد ازاں یونیورسٹی کیمپس میں شجرکاری بھی کی گئی، اس موقعے پر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ سموگ اور فضائی آلودگی موجودہ دور کا ایک اہم ماحولیاتی چیلنج ہےجس سے نمٹنے کے لیے حکومتی اداروں، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور عوام کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے اس اہم آگہی سرگرمی کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ شجرکاری، ماحولیاتی شعور اور ذمہ دارانہ رویوں کو فروغ دے کر فضائی آلودگی کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے، اس موقعے پر کاشف خلیل، سیدہ عروج فاطمہ سمیت یونیورسٹی فیکلٹی اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔