ملتان (سٹاف رپورٹر) پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے پراجیکٹ ڈائریکٹر (ایم اینڈ ای) انجینئر امیر ضمیر خان نےمیپکو ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور ایشیائی ترقیاتی بینک اور ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری مختلف منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں جاری منصوبوں کی پیش رفت، پروکیورمنٹ کے عمل، آلات و میٹریل کی فراہمی، تنصیب، تکنیکی امور اور منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لیا گیا، پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ میپکو کی جانب سے پلاننگ کمیشن کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت اور درپیش مسائل کے بارے میں بریفنگ دی گئی‘ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ میپکو سے باہر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی وجہ سے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے پلاننگ کمیشن اپنا کردار ادا کریگا، اکنامک افیئرز ڈویژن اور وزارت توانائی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، جنرل منیجر ٹیکنیکل میپکو انجینئر ملک اشفاق احمد اور چیف انجینئر ڈویلپمنٹ میپکو زاہد اخترنے کہا کہ سسٹم کی اپ گریڈیشن اور آٹومیشن کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے متعلقہ افسران اور پراجیکٹ ٹیم کو مسلسل مانیٹرنگ اور کوآرڈی نیشن کی ہدایات دی گئی ہیں،انہوں نے بتایاکہ بجلی چوری اور لائن لاسز میں کمی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے،جلاس میں بتایا گیا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں میں جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں 6 نئے 132کے وی گرڈ سٹیشنز کا قیام اور 21کلومیٹر ٹرانسمیشن لائنز کی تنصیب‘ اے پی ایم ایس کی سپلائی و تنصیب، 11کے وی استعداد کار کے 46فیڈرز کی اپ گریڈیشن/ بائفرکیشن،، ٹریننگز اور استعدادِ کار میں اضافہ شامل ہیں، اس موقع پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ ٹیم کے ڈائریکٹر شہزاد حبیب گل، صدیق خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ارشدمنیر ڈاہا، آصف علی، ڈائریکٹر اکاؤنٹس (سی پی اینڈ سی) آفتاب فضل اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔