ایم کیو ایم من پسند ایڈمنسٹریٹر لگواکر مفادات حاصل کرنا چاہتی ہے، حافظ نعیم

December 07, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ٰنے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی کے عہدے سے برطرف کیا جائے،ایک ناجائز اور غیر قانونی ایڈمنسٹریٹر کی جگہ دوسرے ناجائز اور غیر قانونی ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی روکی جائے کیونکہ بلدیاتی الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد کوئی بھی سیاسی ایڈمنسٹریٹر غیر قانونی اور بلا جواز ہے، ایم کیو ایم نے وزارتیں اور گورنر شپ تو حاصل کر لی اب من پسند ایڈمنسٹریٹر لگوا کر مزید مراعات اور مفادات حاصل کر نا چاہتی ہے، کراچی میں ٹرانسپورٹ کے سنگین مسئلے کے حل کے لیے بی آر ٹی کے بجائے نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے ماس ٹرانزٹ سسٹم پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، الخدمت بنو قابل پروجیکٹ کے تحت لڑکوں اور لڑکیوں کے جنوری میں 4سے 6ماہ کے مفت آئی ٹی کورسز کا آغاز ہو گا ،شہر میں آوارہ کتوں کی بہتات اور ان کے کاٹنے کے واقعات بڑھ رہے ہیں،سندھ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہو گئی ہے، ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، حافظ نعیم الرحمن ٰنے کہا کہ سندھ حکومت کی نااہلی اور کرپشن کے باعث شہر تباہ ہو چکا ہے،ذاتی و پارٹی مفادات کی خاطر عوام کے مینڈیٹ کو فروخت کیا جا رہا ہے، ایم کیو ایم چاہتی ہے کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکوت جو مال بنا رہی ہے اس میں اسے بھی حصہ مل جائے۔