کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے رہنما نوید نارو نے کہا ہے کہ ای چالان کا موجودہ نظام عوام کے لیے سہولت نہیں بلکہ ایک نیا عذاب بن چکا ہے، سندھ حکومت نے یہ نظام کراچی کے شہریوں کو سزا دینے اور مالی طور پر نچوڑنے کیلئے نافذ کیا ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ کراچی کے علاوہ پورے سندھ میں اسکا نام و نشان نہیں، نیوکراچی میں نوجوانوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نوید نارو نے کہا کہ آج صورتحال یہ ہے کہ لوگوں کو اچانک پتا چلتا ہے کہ ان پر مہینوں پہلے کا کوئی چالان آ چکا ہے، نہ انہیں روکا گیا، نہ بتایا گیا، نہ سمجھایا گیا۔ دھندلی تصویروں، غلط نمبر پلیٹوں اور ناقص کیمروں کی بنیاد پر شہری کو ناصرف مجرم بنا دیا جاتا ہے بلکہ جب وہ اپنی صفائی دینا چاہتا ہے تو اسے دروازے بند نظر آتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ای چالان کے خلاف عوام کی آواز کو مسلسل دبایا جاتا رہا تو یہ ناراضی احتجاج میں بھی بدل سکتی ہے۔