ہائیکورٹ: جبری گمشدگی کیس میں ایس ایچ او صدر جلال پور کی سرزنش

December 07, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر) ہائی کورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس شاہد جمیل نے شاہد اقبال اینڈ کمپنی( کنٹریکٹرز) کی رٹ درخواست پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل رانا عارف کمال نون کو طلب کرکے ہدایت کی کہ وہ ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے رابطہ کرکے انہیں جلد از جلد پیٹیشنر کا معاملہ نمٹانے کے لئے عدالتی احکامات بارے اگاہ کریں۔جسٹس محمد امجد رفیق نے ایس ایچ او تھانہ صدر جلال پور پیروالہ کی سرزنش کرتے ہوئے حکم دیا کہ وہ ٹال مٹول سے کام نہ لیں پیٹیشنر کے چھوٹے بیٹے نجم کو بہر صورت 8 دسمبر کو عدالت کے روبرو پیش کریں۔ایس ایچ او نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ہم نے صرف پیٹیشنرکلثوم مائی کے بڑے بیٹے عباس کو گھر سے اٹھایا تھا چھوٹے بیٹےنجم کو نہیں پکڑا اور نہ ہی موٹر سائیکلز اور موبائیل ساتھ لیکر گئے ہیں۔ رکن قومی اسمبلی سردار جعفر خان لغاری نے میاں شہباز شریف حکومت کی ہدایت پر ان کے حلقہ میں 38 دیہات کو بجلی کی فراہمی کا منصوبہ روکنے اور عدالت عالیہ کے حکم مجریہ 21 اکتوبر کی خلاف ورزی کرنے پر ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اللہ یار بھروانہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت آج ہائی کورٹ ملتان بنچ میں ہوگی۔