یورپین فارن افئیرز کونسل اجلاس آج برسلز میں ہوگا

January 23, 2023

یورپین فارن افئیرز کونسل کا اجلاس آج یورپین دارالحکومت برسلز میں منعقد ہو رہا ہے۔

اس اجلاس میں یوکرین کو جرمن لیوپورڈ 2 ٹینکوں کی فراہمی، یوکرین کو اس کے روزمرہ کے اخراجات چلانے کیلئے مزید وسائل کے بندوبست، ساحل اور مغربی افریقہ کے ساحلی ممالک کے علاوہ ایران اور روس پر نئی پابندیوں کے حوالے سے موضوعات زیر بحث آئیں گے۔

دوسری جانب اجلاس سے قبل صحافیوں کو بریف کرتے ہوئے یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے ایران کے انقلابی گارڈز کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس کے متعلق ضروری ہے کہ کسی یورپین ملک کی عدالت اس حوالے سے ثبوتوں کی بنیاد پر فیصلہ دے، تب یونین اس معاملے کو آگے بڑھا سکتی ہے، یہ نہیں ہوتا کہ مجھے کوئی پسند نہیں تو میں اس کے خلاف ایکشن شروع کر دوں۔

اسی طرح یوکرین کو جرمن ٹینکوں کی فراہمی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری ذاتی خواہش بھی یہی ہے کہ یہ ٹینک یوکرین کو مل جائیں لیکن یہ فیصلہ بھی جرمنی نے بطور ایک ممبر خود کرنا ہے۔ کسی کو اس پر مجبور نہیں کیا جا سکتا ۔