پی ایس ایل شیڈول کا اعلان، شائقین کا جوش بڑھنے لگا

January 24, 2023

پاکستان نے دو بڑی کرکٹ ٹیموں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی تین ماہ میں شاندار میزبانی کی اور اب پاکستان میں کرکٹ کا سالانہ میلہ پی ایس ایل سجنے کے قریب ہے۔ شائقین کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں۔ ایک ماہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ تنازعات کی زد میں رہا۔ ایک صاحب مجھے کیو ں نکالا کا راگ الاپتے رہے اب آہستہ آہستہ ان کی آواز مدہم ہورہی ہے ۔پھر اچانک انہوں نے ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ کے ضابطہ اخلاق پر دستخط کردیئے ، ایسا لگ رہا ہے کہ انہوں نے نجم سیٹھی کو ذہنی طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایم سی کا چیئرمین قبول کر لیا ہے۔

نجم سیٹھی منجھے ہوئے منتظم ہیں، پہلے چار پی ایس ایل کا کامیاب انعقا دکر چکے ہیں۔ پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں نجم سیٹھی کی دوسری اننگز بھی پہلی اننگز سے مختلف نہیں تھی۔ پچھلی بار بھی وہ عدالت سے جنگ جیت کر پی سی بی میں آئے۔ اس بار نجم سیٹھی کھچوے کی رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ڈپارٹمنٹس کو بحال کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔2014 کا آئین بحال ہوگیا، اب بھی ان کی منزل آسان نہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس میں انہوں نے واضع طور پر کہہ دیا کہ اگر حکومت تبدیل ہوگئی تو میں پہلے کی طرح گھر جانے کو ترجیح دوں گا۔ پاکستان کرکٹ میں یہ دانش مندی ہے کہ وہ حکومت سے لڑائی کرکے بورڈ کی چیئرمین شپ کی کرسی پر نہیں بیٹھ سکتے۔

یہ روایت ہونی چاہیےکہ حکومت کے تبدیل ہونے پر الگ ہونا چاہئے، پیٹرن کو اختیار ہونا چاہئےکہ وہ اپنا بندہ لائیں، میں نے روایت قائم کرنے کی کوشش کی تھی، میں نے پچھلے دور میں کھلاڑیوں کیلئے دو لیگز کھیلنے کا قانون بنایا تھا۔نجم سیٹھی کو عہدہ سنبھالنے کے بعد نیوزی لینڈ کی ون ڈے سیریز میں شکست کا غم سہنا پڑا،پاکستان سپر لیگ8کی تفصیلات کا اعلان کرکے ان خدشات کو ختم کیا کہ شائد اس بار پی ایس ایل میں پہلے جیسا جوش وخروش نہیں ہوگا۔

پی ایس ایل 8 کی افتتاحی تقریب ملتان میں ہوگی، پی ایس ایل شیڈول کے مطابق پہلا میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان 13 فروری کو ملتان میں کھیلا جائے گا۔یچز میں سے 11 میچز راولپنڈی میں ہوں گے، کراچی اور لاہور میں 9، 9 میچز جبکہ ملتان میں 5 میچز کھیلے جائیں گے۔کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں اپنے پانچ، پانچ میچز ہوم گراؤنڈ پر کھیلیں گی۔پاکستان سپر لیگ کا فائنل 19 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔لیگ کے میچز دو مرحلوں میں ہوں گے، میچز ملتان، کراچی، راولپنڈی اور لاہور میں ہوں گے۔ماضی میں یہ افتتاحی تقریب کراچی اور لاہور میں ہوچکی ہے پہلی بار ملتان سے ٹورنامنٹ شروع کیا جارہا ہے۔

کوئٹہ میں کوئی میچ نہیں ہوگا۔ راولپنڈی میں 11، کراچی اور لاہور میں 9 جبکہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔ نجم سیٹھی نے بتایا کہ منیجمنٹ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں کہاکہ کوئٹہ میں نمائشی میچ کرانا چاہتے ہیں، کوئٹہ میں میچز کے لیے وہاں کی انتظامیہ سے بھی بات ہوئی ہے۔پی ایس ایل کے موقع پر خواتین کے تین نمائشی میچز ہوں گے جن میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل شریک ہوں گی۔نجم سیٹھی ٹورنامنٹ میں کم از کم دو ٹیموں کے اضافے کا بھی عندیہ دے گئے۔فرنچائزز سے ساتویں اور آٹھویں ٹیم کو شامل کرنےکی بات کررہے ہیں، ٹیمیں بڑھانا ایک چیلنج ہےلیکن امید ہے اس پر قابو پالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چارسال کے اندر اسٹیڈیم کے انفرا اسٹرکچر پرکام نہیں ہوا، میں کام نہ ہونے پر حیران بھی ہوں اور پریشان بھی۔ کراچی میں کھلاڑیوں کے ہوٹل کیلئے مجوزہ زمین ججوں اور جرنیلوں کو دے دی گئی۔ کراچی میں کرکٹ میچز کے موقع پر شہریوں کو ٹریفک کی دشواریوں سے بچانے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کے قریب فائیو اسٹار ہوٹل تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ اس منصوبے پر دس برس تک بات چیت چلتی رہی لیکن پھر پی سی بی نے یہ زمین ججوں اور جرنیلوں کو دے دی۔سابق بورڈ نے لاہور اور کراچی میں اسٹیڈیم کے ساتھ ہوٹل بنانے کا دعوی کیا تھا لیکن پی سی بی کے سربراہ کہتے ہیں کہ اب یہ منصوبے مشکل ہی قابل عمل ہوسکیں گے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل دنیا کی دوسری بڑی لیگ ہے۔

خوشی ہو رہی ہے، گزشتہ سال پی ایس ایل کیلئے اچھا رہا، پاکستان سپر لیگ آئی پی ایل سے بڑا ٹی ٹوئنٹی برانڈ ہے، بنگلا دیش، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور دبئی میں لیگ ہو رہی ہیں۔ نجم سیٹھی نے کہا غیر ملکی لیگز میں پاکستانی کرکٹرز کے بارے میں پالیسی پرکبھی عمل ہوتا ہے کبھی نہیں ہوتا، پالیسی بنا رہے ہیں کہ جو کھلاڑی پی ایس ایل میں ہیں وہ لیگ سے 15 روز قبل فری ہوں تاکہ انجریز نہ ہوں۔ ایونٹ میں مجموعی طور 36 غیرملکی کھلاڑی شرکت کریں گےلاہور قلندرز، کراچی کنگز، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں اپنے اپنے ہوم گراؤنڈز پر پانچ پانچ میچز کھیلیں گی۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم پی ایس ایل کو مزید بڑا برانڈ بنانا چاہتے ہیں۔ اس سال لیگ کو سپورٹ کرنے کے لیے تماشائی بڑی تعداد میں اسٹیڈیمز کا رخ کریں گے،لیکن انہوں نے مفت خوروں کو میچوں کے ٹکٹ خریدنے کا مشورہ دے دیا۔ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ میں تمام دوستوں اور اعلیٰ شخصیات سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اگلے ماہ شروع ہونے والے پی ایس ایل میچوں کے لیے مفت ٹکٹس یا پاس نہ مانگیں۔

پی سی بی کا آڈٹ کرنے والی قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے اس عمل سے باز رہنے کی تنبیہ کی ہے۔نجم سیٹھی نے لکھا کہ میں دوستوں اور اعلیٰ حکام سے بھی درخواست کر رہا ہوں کہ کسی کھلاڑی یا کوچ کے انتخاب اور کسی غیر مستحق شخص کو ملازمت یا سہولت فراہم کرنے کے لیے سفارش نہ کریں۔ پی سی بی دنیا کی اعلیٰ پیشہ ورانہ تنظیموں سے مقابلہ کرتا ہے اور ناکارہ ہونے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ لاہور قلندرز پی ایس ایل میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ لاہور قلندرز ایونٹ میں ٹائٹل کے دفاع کے لیے پرعزم ہے، ہماری فرنچائز نے پاکستان کو فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی اور حارث روف جیسے ہیرے دئیے ہیں۔

لاہور قلندرز کے سی ای او نے مزید کہا کہ شاہین شاہ آفریدی ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 میں بھرپور انداز سے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ لاہور قلندرز پہلی مرتبہ ملتان میں میچز کھیلنے کے لیے پرجوش ہے۔ عاطف رانا نے اہل لاہور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’لاہوریوں تیار ہو جاؤ! ہمارے 5 میچز لاہور میں ہیں۔شاہین شاہ آفریدی بھی فٹ ہوگئے ہیں اور کارکردگی دکھانے کے لئے پرجوش ہیں۔شاہین شاہ آفریدی کہتے ہیں کہ میں ابھی اپنی تیاریوں سے انجوائے کر رہا ہوں، وقت آنے پر چیزیں دیکھتا ہوں۔ قلندرز کے مداحوں کو ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، ہماری ٹیم پاکستان سپر لیگ کے لیے تیار ہے۔

ہماری ٹیم میں آٹھ نو کھلاڑی وہی ہیں جو پہلے بھی پلئینگ الیون کا حصہ ہیں، جہاں ہمیں ضرورت تھی وہاں ہم نے نئے کھلاڑیوں کو لیا ہے، اس لیے میں کہہ سکتا ہوں کہ پی ایس ایل 8 کے لیے ہماری ٹیم اچھی بنی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ میں نے اپنی پرفارمنس یا ٹائٹل کے دفاع کا کوئی ٹارگٹ سیٹ نہیں کیا، میری توجہ اس وقت اپنی فٹنس پر ہے اور اس کے لیے میں محنت کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سکندر رضا اور لیام ڈاؤسن دنیا بھر میں لیگز کھیل رہے ہیں، سکندر رضا کی حالیہ کارکردگی شاندار ہے، آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی وہ اچھا کھیلے۔