لندن اور گرد ونواح میں سنگین جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن، 170 سے زائد افراد گرفتار

January 26, 2023

لندن (نمائندہ جنگ) برطانوی پولیس نے سنگین جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 170سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق لندن اور گرونواح میں سنگین جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 170سے زائد گرفتاریاں کی گئیں، میٹ پولیس کے آپریشن ’’پنڈیلا ‘‘کے دوران 30ہتھیار، منشیات، 66گاڑیاں اور 5,700پاؤنڈ نقدی ضبط۔ آپریشن میں سات پولیس فورسز کے 1200سے زیادہ افسران شامل ہوئے، آپریشن میں لندن اور اس کے آس پاس کی سڑکوں اور موٹر ویز پر توجہ مرکوز کی گئی۔ سپرنٹنڈنٹ ایما گلزنسکی نے کہا کہ متشدد جرائم سے نمٹنا میٹ پولیس کی ترجیح ہے۔آپریشن میں پُرتشدد جرائم سے منسلک گاڑیوں کو نشانہ بنانے کیلئے خودکار نمبر پلیٹ کی شناخت (ANPR) اور انٹیلی جنس کا استعمال کیا گیا۔ میٹ پولیس کی زیر قیادت آپریشن میں ٹیمز ویلی، ہرٹ فورڈ شائر، سرے، سسیکس، ویسٹ مڈلینڈز اور برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کے افسران نے حصہ لیا۔تین روزہ آپریشن کے دوران جو گزشتہ منگل سے جمعرات تک جاری رہا چاقو، ہتھیار، منشیات، چوری اور ڈکیتی کے جرائم میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سپرنٹنڈنٹ گلزنسکی نے کہا کہ یہ سات پولیس فورسز کی ایک مشترکہ کوشش تھی جس میں فعال انٹیلی جنس کا اشتراک اور منشیات، گینگ اور ہتھیاروں پر مبنی تشدد میں ملوث افراد کو نشانہ بنانے کیلئے موجودہ تعلقات کو بڑھانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں سڑکوں سے منشیات اور ہتھیاروں کو ہٹانا لندن اور کاؤنٹی فورسز کو محفوظ رکھنے کیلئے اہم ہے، وہیں تشدد کے سرے پر کمزور افراد کا تحفظ بھی اتنا ہی اہم ہے۔ گرفتار ہونے والے بچوں اور کمزور لوگوں کا استحصال کرتے تھے،ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر استحصال کے خطرے سے دوچار لوگوں کی شناخت کرنے اور ان کو ضرورت کے مطابق مدد فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران نے منشیات کے کاروبار، جدید ، آتشیں اسلحے کے جرائم، چاقو رکھنے، چوری اور گاڑی اور کیٹلیٹک کنورٹر چوری پر توجہ مرکوز کی۔