فواد چوہدری سرکاری افسران کو دھمکیاں دینے پر گرفتار ہوئے، ضمانت ہوجائیگی، رانا ثنا

January 27, 2023

پیرس( رضا چوہدری )پاکستان کے وزیرداخلہ راناثنا ء اللہ نے کہا کہ فواد چوہدری سرکاری افسران کو دھمکیاں دینے پر گرفتارہوئے،ضمانت ہوجائے گی ، میرے خلاف تو خود ساختہ منشیات برآمدگی کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کی ضمانت ہی نہیں تھی، پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں ہے بلکہ ایک فتنہ کا نام ہے ،جتنا مرضی شور مچائے انتخابات مقرر وقت پر ہونگے ،ان خیالات کااظہارانھوں نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ فرانس کی معروف شخصیت راجہ محمد علی منیجنگ ڈائریکٹر"نور ایشورنس"کی طرف وفاقی وزیر داخلہ کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا اس موقع پر چیئرمین پی ایم ایل این فرانس راجہ علی اصغر اور ن لیگ ن کی دیگر تمام سینئر قیادت بھی موجودتھی ، جس میں طلعت محمود چوہان، سردار ظہور اقبال، نعیم چوہدری، چوہدری فیصل سعید، چوہدری شہباز کسانہ ، خان اصغر خان، سبط مزمل، حاجی نثار ، راجہ حمید، شمروزالہٰی گھمن، میر قدیر اوردیگرشامل تھے ۔ اس موقع پر جنگ کوانٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کے مقتدر اور اہم ادارے کے افسران اور ان کے خاندان کو دھمگیوں پر فواد چوہدری گرفتار ہوئے ان کے خلاف اس ادارے کی درخواست پر مقدمہ درج ہوا جس میں فواد چوہدری کی ضمانت ہو سکتی ہے میرے خلاف تو خود ساختہ منشیات برآمدگی کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کی ضمانت ہی نہیں تھی ۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں ایک فتنہ کا نام ہے ،جتنا مرضی شور مچائے انتخابات مقرر وقت پر ہوں گے پنجاب اور کے پی کے اسمبلی کے انتخابات الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں اور کوئی قانونی یاآئینی پیچیدگی نہ ہوئی تو مقرر مدت میں دونوں صوبوں انتخابات ہوجائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب اورخیبر پختون خوا میں الیکشن کے دوران پی ٹی آئی کی مقبولیت کا پتہ چل جائے جس طرح کراچی میں پتہ چلا ہے، اس سلسلے میں جہاں تک مسلم لیگ کی خواہش کی بات ہم تو ملک میں ایک وقت پر عام انتخابات کے حامی ہیں تاہم جس طرح بھی ہوں ہم مکمل طور پر تیار ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں کہا کہ بے نظیر بھٹو کے قتل ، میاں نواز شریف کی ریلی پر حملہ اس وقت کی سیکورٹی لیپ کا نتیجہ تھے، اب عمران خان پر وزیر آباد میں حملہ ایک انسان کے ذہنی طور اختلاف کی بنیاد پر ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف ایک مقبول اور حقیقی عوامی لیڈر ہیں، ہم ان سے محبت کرتے ہیں، وہ ضرور انتخابات کے دوران پاکستان میں ہوں گے اور اس سلسلے میں سیکورٹی انتظامات مکمل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں پر مقدمات بنتے اوروہ گرفتارہوتے رہتے ہیں مگر غیرقانونی کام کرکے گرفتاری پر شورمچانا پی ٹی آئی کی سیاست ہے ،جس کے پاس نہ کوئی منشور ہے نہ ایجنڈا۔ انھوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سال میں ملک کو تباہ برباد کر دیا، اب اس کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے ،عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو دن میں تارے نظر آ جائیں گے ۔عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے راناثنا نے کہا کہ اوورسیز پارٹی کارکنوں نے جن مسائل خصوصاً قومی ایرلائنز کےمعاملے کی نشاندہی کی ہے، تمام مسائل کو وفاقی کابینہ کے سامنے رکھیں گے۔ اس موقع راجہ نثار ، سبظ مزمل ، خان اصغر خان راجہ علی اصغر ، سردار ظہور اقبال ، نعیم چوہدری، چوہدری آصف سیعد نے فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔