بے حسی نے معاشرے کو جکڑ لیا، نیشنل ازم ختم ہوگیا، گورنر سندھ

January 27, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کبھی پتھر کا زمانہ ہوتا تھا آج پتھر کے انسان ہیں، بے حسی نے پورے معاشرے کو جکڑ لیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوبھراج میٹرنٹی اسپتال میں مدر کیئر وارڈ اور تزئین شدہ الٹراساؤنڈ یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے، گورنر سندھ نے کہا کہ ہم میں نیشنل ازم ختم ہوگیا اور یہ انتہائی فکر انگیز بات ہے، گورنر سندھ نے اس موقع پر اپنی جانب سے دو وینٹی لیٹرز عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ احتجاج عوام کے حقوق کے لئے کیا جاتا ہے اور یہ ہر سیاسی جماعت کا حق ہے ،میں نے گورنر ہاؤس کا گیٹ نمبر 4فعال کردیا ہے، کراچی اور سندھ سے تعلق رکھنے والا ہر شخص شکایتی سیل کو اپنی شکایت درج کرواسکتا ہے، شکایات فون نمبر 1366 پر درج کی جاتی ہیں، انہوں نے کہا کہ ابھی سیاست کا وقت نہیں ہے، بہتر ہوگا کہ عمران خان چالیس دن کا چلہ کاٹیں اور پاکستان کی ترقی کی دعا کریں، عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ اگلے تین ماہ تک فواد چوہدری سے دور رہیں۔