کراچی میں یکم فروری سے خواتین کیلئے پنک پیپلز بس سروس چلانے کا فیصلہ

January 27, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہء ٹرانسپورٹ سندھ نے یکم فروری سے کراچی میں خواتین کیلئے پنک پیپلز بس سروس چلانے کا فیصلہ کیا ہے ، بس سروس کا آغاز خصوصاً ملازمت پیشہ خواتین کے سفری مسائل کو مد نظر رکھ کر کیا گیا ہے یہ فیصلہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت صحت کے باعث ان کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیااس موقع پر صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ یکم فروری سے پنک پیپلز بس سروس کا آغاز کیا جائے گا ، پنک پیپلز بس سروس کے پہلے روٹ کے لیے ماڈل کالونی ، شارع فیصل تا ٹاور روٹ کا انتخاب کیا گیا ہے ، بس سروس دفتری اوقات میں صبح اور شام کے اوقات میں ہر 20 منٹس کے بعد دستیاب ہوگی ،جبکہ معمول کے اوقات میں ہر ایک گھنٹے کے بعد پنک بس سروس چلے گی ۔ اجلاس میں سکھر، لاڑکانہ، حيدرآباد میں پیپلز بس سروس کے آپریشنز اور کراچی میں روٹ 4، 5, 6 اور 7 کے آغاز کا بھی جائزہ لیا گیااس موقع پر صوبائی وزیر نے ہدایت دی کہ سکھر میں 29 جنوری کو پیپلز بس سروس کے آپریشنز کا آغاز کیا جائے انہوں نے ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو کراچی میں پیپلز بس سروس کے بقیہ روٹس کا دورہ کرنے اور سڑکوں کی بہتری کے لئے جاری مرمتی کام کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اور کہاکہ کراچی کے روٹ 4، 5, 6 اور 7 پر جلد از جلد بسیں چلانی ہیں۔