تنخواہوں میں 10 فیصد کٹوتی کی تجویزقبول نہیں،پنجاب ٹیچرز یونین

January 27, 2023

لاہور(خبرنگار)پنجاب ٹیچرز یونین کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت کی کفایت شعاری مہم کے لیے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد کٹوتی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی کیونکہ ملازمین پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ گزشتہ روز جاری کردہ بیان میں اساتذہ کے مرکزی صدر چوہدری سرفراز، سید سجاد اکبر کاظمی، رانا لیاقت ودیگر نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان نے ملازمین کی زندگیاں اجیرن کر رکھی ہیں ہر روز اشیاء ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے حکومت ملازمین کو ریلیف دینے کی بجائے کفایت شعاری مہم کے نام پر تنخواہوں میں کٹوتی کا سوچنا ملازمین دشمن رویہ ہے حکومت ہوش کے ناخن لے اور ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی بجائے کم از کم ان میں 50 فیصد اضافہ کرے یا اشیاء ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں کو یکم جولائی کی سطح پر برقرار رکھنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔