لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے پھاٹا کی گورننگ باڈی کا 106 ویں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں 27نکاتی ایجنڈہ پیش کیا گیا جبکہ گزشتہ 2 اجلاسوں کے نکات کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام اپنی چھت ،اپنا گھر اور اپنی زمین اپنا گھر پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے مستحق خاندانوں کیلئے بلاسود قرضوں کے پروگرام کی عالمی سطح پر پذیرائی ہو رہی ہے۔ ورلڈ اربن فورم پر مئی میں عالمی سطح پر اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کو بطور کامیاب ماڈل پیش کیا جائے گا۔ رواں ماہ کے آخر میں افورڈایبل ہاؤسنگ بارے باکو میں ہونیوالی عالمی کانفرنس کے متوقع نتائج بارے آگاہ کیا گیا۔ پھاٹا کے مشترکہ منصوبوں بارے قوانین کی منظوری دی گئی۔ خانیوال ،بورے والا،گوجر خان،لیہ، وہاڑی، فاروق آباد اور یزمان کی بحالی اسکیموں کی منظوری دی گئی۔