مریم نواز کو عوام میں مقبولیت کی وجہ سے اہم کردار دیا گیا، محمد زبیر

January 28, 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ مریم نواز کو عوام میں مقبولیت کی وجہ سے اہم کردار دیا گیا ہے، پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا کہ عمران خان روز ایک نیا بیانیہ بناتے ہیں کچھ روز بعد یوٹرن لے لیتے ہیں، فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد چوہدری نے کہا کہ فوادچوہدری سے ملاقات ہوئی وہ اچھے نظر آرہے تھے، فواد چوہدری پر تشدد سے متعلق ابھی کچھ نہیں بتاسکتی،فواد چوہدری کی ضمانت کیلئے درخواست دے رہے ہیں،ن لیگ کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل پی ڈی ایم حکومت کا حصہ تھے، مشکل معاشی فیصلے صرف مفتاح اسماعیل کے نہیں وزیراعظم اور پوری کابینہ کے ہوتے تھے ، پی ڈی ایم حکومت آئی تو آئی ایم ایف پروگرام معطل تھا، آئی ایم ایف کے پاس دوبارہ جانے کیلئے ہم نے سخت فیصلے کیے اس کی سیاسی قیمت بھی ادا کی، ہمارا ہدف 2023ء کے عام انتخابات ہیں، ہم اتنے سخت فیصلے نہیں کرسکتے تھے کہ عام انتخابات ہار جائیں۔ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے قانونی ایشوز حل ہونے کے بعد واپس آکر وزارت خزانہ سنبھالی، اسحاق ڈار کی بات غلط نہیں تھی کہ عوام پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہئے، اسحاق ڈار آئی ایم ایف پروگرام اور عوام پر بوجھ ڈالنے کے درمیان کوئی حل چاہتے تھے، اسحاق ڈار کا یہ دعویٰ غلط نہیں تھا کہ انہیں آئی ایم ایف سے ڈیل کرنے کا تجربہ ہے۔ محمد زبیر نے کہا کہ معاشی حالات بہت خراب ہوچکی ہے، روپے کی قدر کم ہونے سے مہنگائی مزید بڑھے گی، ڈالر کی قیمت سے کیپ ہٹانا آئی ایم ایف کی شرط تھی ،ممکنہ طور پر اب آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوجائے گا، آئی ایم ایف کی سخت شرائط ابھی بھی نہیں مانی جاتیں تو بہت تاخیر ہوجاتی، مریم نواز واپس آرہی ہیں وہ عوام میں جاکر مشکل فیصلوں کے سیاسی نتائج کافی حد تک کنٹرول کرلیں گی۔ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ دو مہینے بعد ہوں یا چھ مہینے بعد ہوں انتخابا ت ہونے ہیں، کوئی نہیں کہہ سکتا چھ مہینے بعد عوام میں ہماری مقبولیت زیادہ ہوجائے گی، مریم نواز کو عوام میں مقبولیت کی وجہ سے اہم کردار دیا گیا ہے، انتخابات نئی مردم شماری کے تحت کرانے کا فیصلہ پی ٹی آئی حکومت میں ہوا تھا، مریم نواز پنجاب اور خیبرپختونخوا الیکشن کی مہم چلانے کیلئے بھی آرہی ہیں، آئی ایم ایف پروگرام بحال ہونے کے بعد دو ست ممالک اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں سے پیسے ملنا آسان ہوجائیں گے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا کہ عمران خان روز ایک نیا بیانیہ بناتے ہیں کچھ روز بعد یوٹرن لے لیتے ہیں، عمران خان کے آصف زرداری پر الزامات انتہائی زیادتی ہے، آصف زرداری ہمیشہ دہشتگردوں کے نشانے پر رہے، ان کے خاندان نے دہشتگردوں کے ہاتھوں بہت بڑا نقصان برداشت کیا، سابق صدر نے تمام تر نقصانات کے باوجود پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، آصف زرداری نے ہمیشہ ملک سے انتشار کی سیاست ختم کرنے کی کوشش کی، پیپلز پارٹی نے ملک کو بچانے کیلئے بھٹو شہید کے قاتلوں سے بھی بات کی، کرپشن آصف زرداری نے نہیں عمران خان نے کی، عمران خان کے سہولت کار آج بھی ملک سے فرار ہیں۔