• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا فلائٹ آپریشن پہلی بار نارمل 24 انڈین ایئر پورٹ آج بھی بند

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) پاک بھارت کشیدگی کے بعد پہلی بار پاکستان کا فلائٹ شیڈول لگ بھگ نارمل ہوگیا ہے، سعودی ایئر سمیت 15 سے زائد غیرملکی ایئر لائنز نے بھی پروازیں بحال کر دی ہیں اور ملک بھر سے حج فلائٹ آپریشن بھی تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ دوسری جانب سیز فائر کے باوجود بھارت کے امرتسر، سری نگر، جموں ایئرپورٹس سمیت 24 ہوائی اڈے منگل کو آٹھویں روز بھی بند ہیں۔ جہاں کی 444 پروازیں منسوخ ہیں۔ لاہور کراچی اسلام آباد مختلف ایئرپورٹس سے منگل کو ملکی اور غیر ملکی پروازوں کی منسوخی 15 رہ گئی ہے۔ خلیجی ممالک کی کئی ائیر لائنز اور ترکیے کی ائیرلائن نے بھی پروازیں شروع کردی ہیں۔ پاکستان سے حج پروازوں کو معمول پر لانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق آپریشنل وجوہات پر سیالکوٹ سےشارجہ، دمام اور کویت کی 3 پروازیں لاہور منتقل کی گئیں۔ مدینہ سے کراچی کوئٹہ کی پرواز بھی انتظامی طور پر لاہور اور اسلام آباد اتاری گئیں۔ سعودی ایئر لائن نے لاہور اور اسلام اباد کے لیے اپنی پروازیں تاحال معطل رکھی ہیں جبکہ کراچی اور دیگر شہروں سے سعودی ایئر لائن کی حج پروازوں کا اغاز ہو گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید