پرویز الٰہی کا فواد چوہدری کے بھائی کو ٹیلی فون، گرفتاری کے حوالے سے بیان پر معذرت

January 28, 2023

اسلام آباد (خبر نگار) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے بھائی فیصل فرید ایڈووکیٹ کو ٹیلی فون کر کے گرفتاری کے حوالے سے بیان پر فواد چوہدری کے اہل خانہ سے معذرت کی۔

پرویز الٰہی نے فون پر کہا کہ فواد چوہدری اور ان کے خاندان سے برسوں پر محیط نہایت احترام و عقیدت کا رشتہ ہے۔

نادانستہ بیان سے فواد چوہدی اور اہل خانہ کے جذبات مجروح ہوئے جس پر افسوس ہے۔ فواد چوہدری کی گرفتاری و جھوٹے پرچے کا اندراج نری سفاکیت اور نہایت قابل مذمت ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اپنے بیان پر معذرت خواہ ہوں اور فواد چوہدری اور ان کے اہل خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔

اس موقع پر فیصل فرید نے کہا کہ چوہدری صاحب معذرت کرنا آپ کا بڑا پن ہے۔ میں اور میرا خاندان آپ کو اپنا بزرگ سمجھتے اور نہایت احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔