کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر و چیئرمین کی مدت میں توسیع کے خلاف جماعت اسلامی عدالت پہنچ گئی، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ 2026 کے سیکشن 3 کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ منعم ظفر کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے پری پول رگنگ شروع کر دی ہے، سندھ حکومت بلدیاتی اداروں کے اختیارات پر سانپ بن کر بیٹھی ہوئی ہے۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے سندھ حکومت، میئر کراچی و دیگر کو فریق بناتے ہوئے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ سندھ اسمبلی نے الیکشن ہونے تک کام کرنے کی اجازت دے دی ہے حالانکہ مدت مکمل ہونے پر بروقت الیکشن ہونے چاہئیں۔