غیر قانونی ہاسٹلوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، کھلی کچہری میں مطالبہ

January 28, 2023

پشاور (لیڈی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ پشاور نے تحصیل سٹی کے علاقے حیات آبادمیں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرسمیرہ صباء سمیت ذیلی محکموں کے افسران، ریونیو سٹاف،عوامی نمائندگان، عوام اور علاقہ مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کمیونٹی سنٹر، سیکٹرایل تھری، فیز تھری حیات آباد میں لگائی گئی کھلی کچہری میں لوگوں نے اپنے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ حیا ت آباد کے بیشتر علاقوں اور پارکس میں سٹریٹ لائیٹس خراب ہیں اس لیے ان کو فوراََ ٹھیک کیا جائے اور حیات آباد کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی ہاسٹلوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور صفائی کی حالت کو بہت بنایا جائے اور اکثر محلوں میں کباڑی اور دیگر ریڑھی والے لاؤڈ سپیکروں کا استعمال کرتے ہیں جس سے رہائشیوں کو سخت تکلیف ہے۔ اس لیے لاؤڈ سپیکر استعمال کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور حیا ت آباد کے قبرستان کا رقبہ زیادہ کیا جائے اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کی جائے اور حیات آباد میں واپڈ کے مزید کمپلینٹ سنٹر بنائے جائیں اور علاقے میں سکولوں میں سٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے۔ اس موقع پر دیگرافرادنے بھی اپنے اپنے مسائل کے بارے میں کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے تحریری درخواستیں بھی دیں جس پرافسران نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سمیرہ صباء نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔انھوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کارروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔