امریکہ: بہو سے مشقت کرانے والے پاکستانی خاندان کوسزا

January 29, 2023

واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکہ میں بہو سے 12 سال تک جبری مشقت کروانے والے پاکستانی خاندان کو قید کی سزا سنا دی گئی۔امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ریاست ورجینیا میں رہائش پذیر پاکستانی خاندان کے3افراد80سالہ زاہدہ امان کو 12 سال اوران کے بیٹوں 48سالہ محمد ریحان چوہدری اور 55سالہ محمد نعمان چوہدری کو باالترتیب 10سال اور 5سال قید کی سزا سنائی گئی۔عدالت نے زاہدہ امان اورریحان چوہدری کو متاثرہ خاتون کو ڈھائی لاکھ ڈالر ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ زاہدہ امان نے 2002میں اپنے بیٹے کی شادی متاثرہ خاتون سے کروائی اور بیٹے کے گھر چھوڑ کے جانے کے باوجود 12 سال تک جبری مشقت کروائی۔عدالت میں پیش کیے گئے ثبوتوں کے مطابق ملزمان نے خاتون سے گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کروایا۔ ان پر جسمانی اور زبانی تشدد کیا اور اُنھیں پاکستان میں اپنے خاندان سے بات نہیں کرنے دی گئی۔متاثرہ خاتون سے ان کی امیگریشن دستاویزات اور پیسے بھی ہتھیا لیے اور دھمکی دی کہ اُنھیں پاکستان ڈی پورٹ کروا کرانہیں ان کے بچوں سے جدا کر دیا جائے گا۔