نیوزی لینڈ میں طوفانی بارشیں، آکلینڈ میں ایمرجنسی

January 29, 2023

ولنگٹن(نیوز ڈیسک)نیوزی لینڈ کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور ہواؤں سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں طوفانی بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں اور ٹرانسپورٹ معطل ہوگئی۔ سیکڑوں پروازیں منسوخ ہونے سے مسافر ائرپورٹ پر پھنس گئے۔ آکلینڈ میں 15گھنٹوں میں 166ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، شہر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کے باعث بجلی اور مواصلات کا نظام بھی متاثرہوا،طوفانی ہواؤں اور بارش سے متعدد گھروں کو نقصان بھی پہنچا، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کی پیش گوئی کرتے ہوئے عوام کو احتیاط برتنے اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔