اعلیٰ افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلے، تعلق پولیس ایف آئی اے اور آئی بی سے ہے

January 29, 2023

کراچی (اسد ابن حسن) وفاقی حکومت نے اعلی افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلے کر دیئے ہیں۔ تمام افسران کا تعلق گریڈ 21سے گریڈ 18 تک ہے۔ بیشتر افسران جو حساس اداروں ایف آئی اے اور انٹیلیجنس بیورو میں تعینات تھے ان کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کر دی گئی ہیی جبکہ کچھ افسران جو پنجاب حکومت کے اداروں میں تعینات تھے ان کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈیویژن کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے گزشتہ روز 17 نوٹیفکیشن جاری کئے گئے۔ جو تبادلے کئے گئے ان کی تفصیلات کچھ یوں ہے۔ گریڈ 20کے افسر ہمایوں شبیر تارڑ جو ایف آئی اے میں تعینات تھے ان کی خدمات حکومت پنجاب کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ آئی بی میں تعینات گریڈ 20کے افسر کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری، سجاد حسن خان منج کی خدمات بھی پنجاب حکومت کو۔ ایف آئی اے میں تعینات سردار غیاث گل خان، اسلام آباد کیپٹل پولیس میں تعینات رضوان عمر گوندل، گلگت بلتستان میں تعینات لیاقت علی ملک اور ایف آئی اے میں تعینات ناصر محمود کی خدمات بھی حکومت پنجاب کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ دوسری طرف پنجاب حکومت میں تعینات پولیس سروس کے افسران محمد فاروق اظہر، آغا محمد یوسف، محمد اختر عباس، محمد سلیم، احمد جمیل الرحمن، غلام شبیر میکن، محمد بلال قیوم، منیر مسعود اور فاروق امجد کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے حوالے کر دی گئی ہیں۔