اسلام آباد (اے پی پی) پاکستانیوں کے لئےبیرون ممالک میں ملازمتوں کے سلسلے میں اہم پیش رفت، اٹلی پاکستانیوں کیلئے نوکریوں میں کوٹہ الاٹ کرنے والا پہلا یورپی ملک بن گیا، پاکستان نے اٹلی سے اگلے تین برس کے لیے 10,500 نوکریوں کا کوٹہ کامیابی سے حاصل کر لیا ہے۔ وزارت اوورسیز پاکستانیز اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کے ترجمان کے مطابق یہ کوٹہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی قیادت میں وزارت کی خصوصی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اس انتظام کے تحت، اگلے تین سالوں میں ہر سال 3,500 پاکستانی کارکنوں کو اٹلی میں ملازمت دی جائے گی۔ سالانہ کوٹہ میں 1,500 سیزنل اور 2,000 غیر سیزنل جابز شامل ہیں، جو مختلف شعبوں کا احاطہ کرتی ہیں۔ ان میں شپ بریکنگ، ہاسپیٹیلٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت شامل ہیں۔ ہنرمند اور نیم ہنرمند پاکستانی کارکن ویلڈنگ، تکنیکی پیشوں، کوکنگ اور کیٹرنگ، ہوٹل سروسز، ہاؤس کیپنگ، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنالوجی، فارمنگ، اور زرعی کام جیسے پیشوں میں ملازمت کے اہل ہوں گے۔وزارت کے ترجمان نے کہا کہ اٹلی پہلا یورپی ملک ہے جس نے پاکستان کے لیے باضابطہ طور پر لیبر کوٹہ مختص کیا ہے، اسے پاکستانیورپ لیبر تعاون میں ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اٹلی جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026 میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والا ہے تاکہ تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے۔ وفاقی وزیر چوہدری الک حسین نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کیا اور قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اٹلی کی طرف سے پاکستان کو لیبر کوٹہ کی فراہمی کو ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلسل اور محنت سے کی گئی کوششوں کے بعد پاکستانی ورک فورس کے لیے اٹلی میں ملازمت کے مواقع بالآخر حقیقت کا روپ اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت یورپی لیبر مارکیٹ میں پاکستان کے لیے نئی ملازمت کے مواقع تلاش کرنے میں ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی کارکنوں کو عالمی سطح پر معزز ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ چوہدری سالک حسین نے اوورسیز پاکستانیوں کے اہم کردار کو بھی اجاگر کیا، انہیں ملک کے سفیروں اور قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ قریب مستقبل میں مزید یورپی ممالک پاکستانی ورک فورس کے لیے اپنے دروازے کھولیں گے، جس سے بین الاقوامی ملازمت کے مواقع مزید وسعت پائیں گے۔