ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی قابل مذمت ہے، وزیراعظم

January 30, 2023

اسلام آ باد(پی پی آئی ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈنمارک کے سیاستدان کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی انتہائی قابل مذمت اقدام ہے ،اس سے ہماری دل آزاری ہوئی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ڈنمارک کے ایک سیاستدان کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کا تیسرا واقعہ ہے ، جس کی مہذب معاشرے کی جانب سے مذمت کی جانی چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف لڑنے کے لئے عالمی یکجہتی کی فوری ضرورت جتنی آج ہے پہلے نہ تھی ، اس واقعہ سے ہماری دل آزاری ہوئی ہے۔واضح رہے کہ سویڈن اور نیدرلینڈز کے بعد ڈنمارک میں بھی قرآن نذرِ آتش کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کی پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلم ممالک کی جانب سے مذمت کی جارہی ہے۔