مہنگائی کا جن عالمی قوتوں اور معاشی طور پر مضبوط ملکوں میں بھی بے قابو ہوگیا

January 31, 2023

لندن( نیوز ڈیسک)مہنگائی کا جن عالمی قوتوں اور معاشی طور پر مضبوط ممالک میں بھی بے قابو ہوگیا، برطانیہ نے بسوں اور ٹرینوں کے کرایوں میں ریکارڈ اضافہ کردیا جب کہ امریکہ میں بھی مہنگائی عروج پر ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں پٹرول اور کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب بسوں اور ٹرینوں کے کرایوں میں ریکارڈ 5.9 فیصد اضافہ کر دیا گیا،برطانوی عوام جو پہلے ہی مہنگائی کا شکار ہیں اور اب کرایوں میں اضافے کے اعلان سے مزید پریشان ہوگئے جب کہ ہر گھر پر کونسل ٹیکس کی مد میں مزید 9.7فیصد اضافے کا بوجھ ڈال دیا گیا۔امریکا جو مہنگائی کی وجہ روس کی یوکرین میں جارحیت اور خلیج ممالک کے تیل کی پیداوار میں کمی کو بتاتا ہے، مہنگائی پر قابو پانے سے قاصر ہے جو گزشتہ برس تقریباً 7 فیصد تھی۔کم و بیش یہی حالات جرمنی، فرانس اور دیگر ممالک میں بھی ہیں۔ ایشیا میں سب سے تیز رفتار ترقی کرنے والی معیشت بنگلہ دیش کی ہے لیکن اسے بھی تیل کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی نے ہلکان کردیا ہے۔بنگلہ دیش بھی آئی ایم ایف کے پاس قرض کیلئے درخواست دے چکا ہے جس کہ وجہ وہ ڈالرز کی کمی کے باعث ادائیگیوں میں عدم توازن کو بتاتا ہے۔ اسی طرح ڈیفالٹ ہونے والے ملک سری لنکا کے حالات بھی اب تک سنبھل نہیں سکے ہیں۔جاپان میں مہنگائی میں 4 فیصد اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کا 40سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کرنے لگیں،مہنگائی کے ستائے عوام حکومت پر کڑی تنقید کر رہے ہیں باالخصوص حال ہی میں فوجی بجٹ میں تاریخی اضافے کے فیصلے پر عوامی سطح پر احتجاج بھی کیا گیا تھا۔