ایران کی جانب سے بجلی معطل، مکران ڈویژن تاریکی میں ڈوب گیا

January 31, 2023

کوئٹہ(نمائندہ جنگ) ایران کی طرف سے132kV جیکی گور مین ٹرانسمیشن لائن سے اتوارکو ایک بجے کے قریب بجلی کی فراہمی بند ہوگئی جس کے نتیجے میں مکران کے تینوں اضلاع کے مند،تُمپ،تربت، ہوشاب، پنجگور، پسنی، اورماڑہ، جیونی، گوادرانڈسٹریل، گوادر ڈیپ سی پورٹ اور گوادر گرڈاسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔تاہم چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی کی خصوصی ہدایات پر کسیکوکے متعلقہ افسران نے ایرانی حکام سے بجلی کی بحالی کے لئے رابطہ کیا جس پر ایرانی حکام نے جلد بجلی بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں تقریباً 2بجے ایران سے دوبارہ بجلی کی فراہمی بحال ہوئی جو کہ صرف 20میگا واٹ تک محدود رہی اور اس طرح مکران کے علاقوں کو 80میگاواٹ برقی قلت کا سامنا ہے ۔چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکونے کہاہے کہ ایران کیجانب سے بجلی کے کوٹہ میں کمی اور برقی قلت کے باعث مکران کے تینوں اضلاع (تُربت،پنجگور اور گوادر) میں اضافی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے البتہ ایران سے بجلی کے کوٹہ میں اضافے کے بعد مکران میں بجلی کی صورتحال معمول پر آجائے گی جس کے بعد مکران میں اضافی لوڈشیڈنگ فوری طور پرختم کردی جائے گی۔اس دوران چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکونے تمام متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی کے کوٹہ میں اضافہ کیلئے ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ مکران ڈویژن میں بجلی کی صورتحا ل معمول پر آجائے۔