وفاق المدارس العربیہ کے زیراہتمام حفظ قرآن کریم کے مقابلے

January 31, 2023

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام فیصل مسجد میں قومی مسابقہ حفظ قرآن کریم کا انعقاد ہوا جس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے دینی مدارس کے منتخب طلباء نے حصہ لیا۔ صدر وفاق المدارس مفتی محمد تقی عثمانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک بھر میں حفظ قرآن کریم کے مقابلوں کا کامیاب انعقاد باعث مسرت ہے۔ قرآن کریم کے حفظ اور تجوید کے مقابلے کھیلوں سے زیادہ توجہ اور دلچسپی کے متقاضی ہیں۔ ان مقابلوں سے بچوں اور انکے والدین میں قرآن کریم کی تعلیم کے حصول کا مزید شوق پیدا ہوتا ہے۔ افسوس کہ ہمارے معاشرے میں درست تلفظ سے قرآن کریم پڑھنے کی اہمیت کم ہوتی جا رہی ہے، تاہم اس کو سیکھ کر پڑھنے کا جذبہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ وفاق المدارس کے زیر اہتمام پہلے ڈویژن، پھر صوبوں کی سطح پر حفظ قرآن کریم مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں ساڑھے تین ہزار سے زیادہ بچوں نے حصہ لیا جبکہ پوزیشن حاصل کرنیوالے15 طلباء فائنل مقابلے میں شریک ہوئے۔