عوام خوشحال اور ملک دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا، ن لیگ

February 02, 2023

کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوئٹہ کے صدر ارباب اقبال کاسی،جنرل سیکرٹری جاوید اعوان، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ذاکر جان بنگلزئی ڈپٹی جنرل سیکرٹری طارق محمود بٹ،پشین کے صدرسعداللہ خان ترین ، ایڈیشنل ڈپٹی جنرل سیکرٹری ضمیر اختر کھوکھر ودیگر نے بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں ن لیگ کا کردار شاندار رہا جس میں ترقی کا پہیہ چلتا رہا اور عوام خوشحال تھے۔ انہوں نے کہا کہ 1999ء ہو یا2013ء ہو نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک کو بحرانوں سے نکالا، ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، لوڈشیڈنگ اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔ 2018ء میں سازش کرکے اور آرٹی ایس کی خرابی کا بہانہ بنا کر پاکستان مسلم لیگ ن کو ہرایا گیا اور قیادت کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے چار سالہ دور اقتدار کوملک کےسیاہ ترین دور کے طور پر یاد کیاجائے گا کیونکہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو مقروض اور اس کا ہر شعبہ تباہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ایک بار پھر ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا اور عوام خوشحال ہوں گے۔