• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حاجی خلیل الرحمٰن اور موسیٰ فرمان کے انتقال پر گورنر، وزیر اعلیٰ اور شاہد رند کا اظہار افسوس

کوئٹہ ( خ ن)گورنر بلوچستان جعفرمندوخیل ، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور وزیرِ اعلیٰ کے معاون شاہد رند نے روزنامہ جنگ کوئٹہ کے چئیرمین ایڈیٹوریل کمیٹی اور بلوچستان کے سینئر صحافی خلیل الرحمٰن کی وفات پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ مرحوم خلیل الرحمٰن ایک منجھے ہوئے، باوقار اور تجربہ کار صحافی تھے جنہوں نے بلوچستان میں صحافت کے فروغ اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا گورنر مندوخیل نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر و ہمت کی توفیق دے۔ وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے حاجی خلیل الرحمان اور سینئر فوٹو جرنلسٹ موسیٰ فرمان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے حاجی خلیل الرحمان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک کہنہ مشق اور باوقار صحافی تھے، جنہوں نے طویل عرصے تک صحافت کے شعبے میں اپنی خدمات انجام دیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر و حوصلہ عطا فرمائے۔ سینئر فوٹو جرنلسٹ موسیٰ فرمان کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرحوم نے صحافت اور فوٹو جرنلزم کے شعبے میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے نمایاں خدمات انجام دیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ شاہد رند نے حاجی خلیل الرحمان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک تجربہ کار اور باوقار صحافی تھے۔ انہوں نے طویل عرصے تک صحافت کے شعبے میں خدمات انجام دیں اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے صحافتی حلقوں میں ایک مقام بنایا۔ ان کا انتقال صحافتی برادری کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حاجی خلیل الرحمان کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے ۔موسیٰ فرمان کے انتقال پر بھی دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے فوٹو جرنلزم کے شعبے میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات کے ذریعے صحافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
کوئٹہ سے مزید