کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) جامعہ تربت میں بھی یوم دفاعِ پاکستان قومی و ملی جذبے کے ساتھ منایا گیاتقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلامِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض اسسٹنٹ رجسٹرار (جنرل) غوث بخش بزنجو نے انجام دیے۔ تقریب میں فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔یوم دفاع کی مناسبت سے اپنے خاص پیغام میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کا دن افواج پاکستان کے جانثار شہداء کی ان لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہےجنہوں نے اپنے خون سے وطن عزیز کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ یہ دن ہماری مسلح افواج کی بے مثال بہادری، جرات اور شجاعت کا روشن باب ہے۔وائس چانسلر نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہر شہری کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء کی تاریخ ساز قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ مہارتوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا موثرکردار کریں۔