سپر لیگ میں قومی ٹیم کے ساتھی کھلاڑی حریف بن جاتے ہیں، بابر

February 03, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم اور پی ایس ایل میں زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں ہر سال مختلف چیلنجز ہوتے ہیں ۔ پاکستان کے کھلاڑیوں کے ساتھ آپ سارا سال ڈریسنگ روم شیئر کرتے ہیں اور پی ایس ایل میں حریف بن جاتے ہیں ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ پی ایس ایل نے ہمارے کرکٹرز کو ایکسپوزر دیا ہے ۔ کھلاڑیوں کو کیمرہ اور کراؤڈ کے دباؤ میں کھیلنا سکھایا ہے۔ دباؤ میں کھیلنے کے گر انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے بہت اہم ہیں ۔ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ لیڈر شپ کی سب سے اہم چیز دباؤ سے مقابلہ کرناہے ۔ مجھے پریشر میں کھیلنا سیکھنا ہے اور فیصلہ سازی میں اچھا ہونا ہے۔ دریں اثنا آئی سی سی ایوارڈ ملنے کے بعد بابر اعظم کافی خوش دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے2021اور 2022میں ملنے والی ٹرافی اور کیپس کے ہمراہ خصوصی فوٹو سیشن کرایا۔ انہوں نے بعد میں ’’تم اپنے آپ میں ایک جادو ہو‘‘ کا کیپشن دے کر تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں۔ بابر اعظم 2021میں آئی سی سی ٹیسٹ اور او ڈی آئی ٹیم آ ف دی ایئر میں شامل تھے۔2021میں بابر اعظم کو ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی ملا تھا۔ تصاویر میں یہ تمام کیپس اور ٹرافیز شامل ہیں۔